الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے 14 لاکھ90 ہزار انتخابی عملے کی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد کے لیے لگ بھگ14 لاکھ90 ہزار انتخابی عملے کی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ ان تربیتی مشقو ں کے ذریعے اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ تمام انتخابی عملہ عام انتخابات2024 کے دوران اپنے فرائض منصبی مثر اور پیشہ ورانہ طور پر سرانجام دے سکے۔

کمیشن کے ترجمان کے مطابق انتخابی عملے کی تربیت کے لیے ملک بھر کے دور دراز علاقوں میں 87 روز تک مجموعی طور پر27،676 تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس میں تین ہزار آٹھ سو اکیس ماسٹر ٹرینرز شریک ہوئے ۔ تربیتی نشستوں کا یہ سلسلہ 19 نومبر 2023 کو شروع ہوا اور 3 فروری 2024 کی شام کو پایہ تکمیل کو پہنچا۔ تربیتی نشستوں میں شریک ہونے والوں میں 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز(DROs) ، 859 ریٹرننگ آفیسرز(ROs) کے علاوہ پولنگ عملہ شامل تھا۔

پولنگ عملہ میں تربیت پانے والوں میں191,526 پریزائیڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران (APOs) شامل تھے جن کے لیے 7,663دو روزہ تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں۔اس کے علاوہ 785,060 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز (APOs) اور پولنگ آفیسرز کے لیے 19,630 ٹریننگ سیشنزکرائے گئے۔ علاوہ ازیں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے،

الیکشنزایکٹ 2017 کی دفعہ 234 کے تحت انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے علاقائی سطح پر 32 ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈینیٹرز(RMCs)اورضلعی سطح پرایک ہزار تین سے چھتیس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز (DMOs) اور مانیٹرنگ آفیسرز(MOs) کے لیے بھی ضروری تربیت کا اہتمام کیا گیا ۔

کمیشن نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) کو مثر طریقے سے چلانے کے لیے تقریبا 5،000 افسران اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز (DEOs) کو ریٹرننگ افسران کے ساتھ منسلک کرنے سے پہلے 148 ٹریننگز کرائیں ۔ اسی طرح کمیشن نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی فرائض کی بہترین انجام دہی یقینی بنانے کے 1400 ماسٹر ٹرینرز (MTs) تیارکیے جنہوں نے بعد ازاں 503,495 سیکیورٹی اہلکاروں کو ضروری تربیت فراہم کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں