لاہور (نمائندہ خصوصی)نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قلعہ سیف اللّٰہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن عامہ کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دھماکے میں جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے، دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشین کے بعد قلعہ سیف اللّٰہ دھماکا انتشار پھیلانے کی گھناؤنی سازش ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقوں پشین اور قلعہ سیف اللّٰہ میں دھماکوں میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، عوام کل نکلیں گے اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔