اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہاہے ، وزیر اعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیاگیا۔
اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے، پارٹی واضح کرنا چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ اتحادیوں اور سیاسی مشاورت کے نتیجے میں یہ نام متفقہ طور پر طے کیا جائیگا اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے مکمل ہونے پر میڈیا کے ذریعے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
قبل ازیں نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جماعت کے صدر شہباز شریف وزیراعظم کے عہدے کے لیے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگلے دو تین دن میں مخلوط حکومت کی شکل نکل آئے گی، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف مسلم لیگ (ن)کے امیدوار ہوں گے، شہبازشریف کو تجربہ بھی ہے اور وہ ایک بار وزیراعظم رہ بھی چکے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی اتحاد تشکیل دے دیا جائے گا تو اس کی طرف سے نام آئے گا اور اتحاد پیپلز پارٹی کی طرف سے آنے والے نام پر بھی غور کرے گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے نام پر تقریبا اتفاق ہوچکا ہے جبکہ اس وقت پوری توجہ وزارت عظمیٰ پر ہے۔
انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ کے لیے اسحق ڈار کے نام پر فیصلہ نہیں ہوا، تمام اتحادی جماعتیں وزارتوں کی ڈیمانڈ کریں گی اور وزارتوں کا فیصلہ بھی اتحاد ہی کرے گا۔