اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ 40 سال قبل سعودی عرب کی حکومت نے پاکستانیوں کے لئے شاہ فیصل مسجد کا تحفہ دیا ،
اب اس مسجد کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے تذہین و آرائش ہورہی ہے ۔ وہ پیر کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کے ہمراہ شاہ فیصل مسجد کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی ، ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے حکام بھی موجود تھے ۔
وزیر داخلہ نے سعودی سفیر کے ہمراہ نماز ظہر ادا کی کی جس کے بعد انہوں نے شاہ فیصل مسجد کے مرکزی ہال اور وسیع و عریض صحن سہولت مختلف مقامات کا معائنہ کیا ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ جب میں نے وزارت داخلہ کا منصب سنبھالا تو پہلا جمعہ شاہ فیصل مسجد میں ادا کیا ۔
مسجد کی تذہین و آرائش کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے جب سعودی سفیر کے ساتھ ملاقات ہوئی تو ان سے کہا کہ مسجد کی تذہین و آرائش کی جائے تاکہ مسجد کو مزید خوبصورت بنایاجاسکے ۔ سعودی سفیر کے مشکور ہیں جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے شاہ فیصل مسجد کی تذہین و آرائش شروع کرائی ۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے 40 سال قبل پاکستان کو شاہ فیصل مسجد کی صورت میں ایک بہترین تحفہ دیا ،40 سال بعد شاہ فیصل مسجد کو مزید خوبصورت بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل مسجد کا شمار پاکستان کی خوبصورت ترین مساجد میں ہوتا ہے ۔پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے شاہ فیصل مسجد پاکستانیوں کے لئے ایک تحفہ دیا تھا ۔
اب اس مسجد کی تذہین و آرائش شروع کر دیا گئی ہے وزارت داخلہ سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز نے شاہ فیصل مسجد کی تذہین و آرائش میں تعاون کیا ، جلد مسجد کی تذہین وآرائش کا کام جلد مکمل ہو جائے گا ۔