آصف علی

پیٹرول نہیں پیتا! 100 چھکوں کی بات پر آصف علی نے یوٹرن لے لیا

لاہور (گلف آن لائن)قومی کرکٹر آصف علی نے روزانہ 100 سے 150 چھکوں کی پریکٹس کے بیان پر یو ٹرن لے کر اسے غلطی قرار دیدیا۔

آصف علی نے اپنے اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیٹرول تو نہیں پیتا کہ روزانہ 300 چھکے ماروں؟ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے)میں کیمپ کے دوران چھکے لگانے کی پریکٹس کرتا رہا مگر اس بیان پر میری بھی غلطی تھی اور لگانے والے کی بھی۔

پی ایس ایل سے متعلق بات کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ بابر اسی انداز سے کپتانی کر رہے ہیں جیسے وہ پاکستان ٹیم کی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم فیلڈ میں تمام کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، بابر اعظم کا بڑا پن ہے کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کر کے مجھے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔

یاد رہے کہ اگست 2022 میں آصف علی نے کہا تھا کہ روزانہ پریکٹس کے دوران 100 سے 150 چھکے لگانے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ میچ کے دوران چھکے مار سکوں۔واضح رہے کہ آصف علی 17 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 9 میں پشاور زلمی کی جانب سے پہلا سیزن کھیلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں