اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت (کل) منگل تک ملتوی کر دی۔ ایڈیشل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف 9 مئی کے واقعات پر قائم 6 کیسز جبکہ بشری بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدوں کے کیسز کی سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف عدالت پیش ہوئے۔
وکیلِ صفائی خالد یوسف نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکیل سلمان صفدر لاہور سے آ رہے ہیں، کل ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دیں، عدالت سے استدعا ہے کہ کچھ وقت دیا جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی و بشری بی بی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ساڑھے 10 بجے مقرر کر دی۔ بعدازاں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکیل سلمان صفدر اور سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے۔
اڈیالہ جیل حکام نے وڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہ لگوائے جانے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائی، جیل حکام نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے مسئلہ کی وجہ سے ویڈیو لنک پر حاضری نہیں لگوائی جا سکتی۔ عدالت نے کہا کہ (کل) منگل کو عدالتی سٹاف بھجوا کر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی حاضری لگوائی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کی حاضری کیلئے اڈیالہ جیل جبکہ بشری بی بی کی حاضری کیلئے عدالتی عملہ بنی گالہ جائے گا۔
جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت کی درخواستیںآج) منگل کو سنی جائیں گی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر (کل) منگل صبح گیارہ بجے کا وقت مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔