کراچی(رپورٹنگ آن لائن)حکومت کی جانب سے پیاز اور کیلے کی برآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ بھی صارفین کے لیے قیمتوں میں کسی قسم کا کوئی ریلیف نہ لاسکا۔
خوردہ فروشوں نے پیاز 280 سے 300 روپے فی کلو فروخت کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تو پھل فروش بھی چھوٹے سائز کے کیلے کے لیے 150 روپے اور بڑے سائز کے کیلوں کے لیے 250 سے 300 روپے فی درجن وصول کررہے ہیں۔اب سے دو ہفتے قبل تک پیاز 150 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی تھی جبکہ چھوٹے اور بڑے سائز کے کیلے بالترتیب 80 روپے اور 120 سے 150 روپے فی درجن میں دستیاب تھے۔
ان قیمتوں کی وضاحت میں خوردہ فروشوں نے دعوی کیاکہ 9 مارچ کو عائد پابندی کے بعد سپر ہائی وے پر مرکزی پھل اور سبزی منڈی میں پیاز اور کیلے کی ہول سیل قیمتوں میں کمی نہیں آئی ہے۔تاہم قیمتوں میں کمی نہ ہونے کی ایک اور وجہ رمضان سے قبل ان اشیا کی زیادہ مانگ تھی۔
خوردہ فروشوں نے صورتحال کا پوری طرح سے فائدہ اٹھایا اور نرخ بلند رکھے۔ہول سیلرز اور برآمد کنندگان کو توقع ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں ان دونوں اشیا کی قیمتوں میں کمی آئے گی کیونکہ برآمد کنندگان، جنہیں غیر ملکی خریداروں سے ادائیگیاں ملی ہیں، اپنے پرانے آرڈرز کو کلیئر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔