کراچی(گلف آن لائن) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ فضیلہ قاضی کا کہنا ہے کہ خواتین ڈرامے دیکھ کر اپنے شوہروں پر شک کرتی ہیں لہٰذا آپ ڈراموں کو ڈرامہ ہی سمجھ کر دیکھیں۔
حال ہی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف فنکار جوڑی فضیلہ قاضی اور قیصر نظامانی نے اپنے دونوں بیٹوں اور بہو کے ہمراہ معروف میزبان ندا یاسر کے شو میں بطورِ مہمان شرکت کی۔دورانِ شو میزبان کے ایک سوال کے جواب میں فضیلہ قاضی نے کہا کہ میں نے اپنے شوہر قیصر نظامانی پر کبھی شک نہیں کیا کیونکہ ایسا وہی خواتین کرتی ہیں جو فارغ ہوتی ہیں۔
اْنہوں نے کہا کہ ہم کسی سے شادی کرنے کا فیصلہ اْسی وقت کرتے ہیں جب ہمیں اْس کے بارے میں سب کچھ معلوم ہوتا ہے تو پھر شادی کے بعد اگر میاں بیوی ایک دوسرے پر شک کرتے ہیں تو اس سے گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے۔فضیلہ قاضی نے کہا کہ میں خواتین کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ آپ اپنے شوہروں پر شک کرنے کے بجائے اپنے لیے کچھ مصروفیت ڈھونڈ لیں کیونکہ فارغ وقت میں ہی خواتین کے ذہنوں میں شوہر کے خلاف شک بھرے خیالات آتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آج کل ماحول بہت خراب ہے، خواتین اپنے بچوں سے جان چْھڑوانے کے لیے اْنہیں موبائل فون پکڑا دیتی ہیں اور پھر خود سارا دن ٹی وی دیکھتی رہتی ہیں تو اس طرح خواتین کے ذہنوں میں سازیشیں ہی تیار ہوتی ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ اگر خواتین کسی ڈرامے میں شوہر کو بیوفائی کرتا دیکھ لیتی ہیں تو پھر وہ خود بھی اپنے شوہر کے بارے میں وہی سب سوچنے لگتی ہیں اور شوہر پر شک کرتی ہیں۔
فضیلہ قاضی نے مشورہ دیا کہ خواتین ڈراموں کو ڈرامے کی حد تک ہی دیکھیں اور خود کو اپنے بچوں اور گھر کے کاموں میں مصروف رکھیں۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے اور میرے شوہر و اداکار قیصر نظامانی نے ملکر ہمارے بچوں کی تربیت کی ہے، قیصر صاحب گھر کے کاموں میں بھی میری مدد کرتے ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا کہ میرا چھوٹا بیٹا بہت اچھا کھانا پکاتا ہے جبکہ میری بڑی بہو نے بھی سْسرال آکر مختلف پکوان پکانا سیکھ لیے ہیں۔