اشرف بھٹی

انجمن تاجران کاآئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی پر تشویش کا اظہار

لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کیلئے بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی پہلے ہی مشکلات کا باعث ہے ، حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے لائن لاسز کو کنٹرول کرے اور نا دہندگان سے وصولی کویقینی بنایا جائے ۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نئے پروگرام کیلئے اصلاحات کے حامی ہیں لیکن بجلی ، گیس اور پیٹرول کی قیمتوںمیں اضافہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ۔ پسے ہوئے طبقات اور تاجر طبقہ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لئے آئی ایم ایف کو متبادل انتظام کے لئے تجاویز پیش کی جانی چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے توانائی سیکٹر کے گردشی قرضے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے ، تاجر اور عوام تو ہر ماہ اپنا بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں ، توانائی سیکٹر کا گردشی کم کرنے کیلئے ایڈجسٹمنٹ اور ٹیرف میں اضافے کی یقین دہانی پر سخت تشویش ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے اور ان کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو رہا ، حکومت غریب سے مزید کسی قربانی کا تقاضہ کرنے کی بجائے اشرافیہ سے وصولی کرے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں