256

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے تحفظ کیلئے انصاف لائرز فورم کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

کراچی (نمائندہ خصوصی)انصاف لائرز فورم نے بانی تحریک انصاف عمران خان کو اڈیالہ جیل میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

انصاف لائرز فورم کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی جان کو جیل میں شدید خطرات ہیں، پولیس نے جیل کے اطراف سے ملزمان کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔

انصاف لائرز فورم کی درخواست میں کہا گیا کہ جیل انتظامیہ نے عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی لگا دی ہے، ملاقاتوں پر پابندی سے متعلق ہی عمران خان کو شدید تحفظات لاحق ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے اور پارٹی رہنمائوں کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ 7 مارچ کو راولپنڈی پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچالیا تھا۔سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی خالد ہمدانی نے بتایا کہ مشترکہ کارروائی میں اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے، بھاری اسلحہ اور بارود سمیت 3 دہشتگرد گرفتار کیے گئے جن کا تعلق افغانستان سے ہے۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا تھا کہ دہشتگردوں سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، دستی بم اور دیسی ساختہ بم برآمد ہوئے۔12 مارچ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیل میں سرچ آپریشن بھی کیا جائے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو پابندی کا مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔مراسلے کے مطابق ملاقات پرپابندی کا اطلاق بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قیدیوں پر ہوگا۔

بعدازاں 16 مارچ کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔جیل کے باہر خار دار تاروں کی تنصیب شروع کرکے اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی، جیل سے متصل اڈیالہ روڈ پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، جیل کے مرکزی دروازے پر ملاقاتوں پر پابندی کے بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں