لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول کا پروگرام شروع کیا تھا، پرائس کنٹرول پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے، لوگ خود بتا رہے ہیں پنجاب میں پہلی بار رمضان میں چیزیں سستی فروخت ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کا کریڈٹ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، اوپن مارکیٹ میں ابھی بھی کچھ شکایات موصول ہو رہی ہیں ان کو ہر ممکنہ طور پر حل کیا جا رہا ہے، شہریوں کو سستی اور معیاری اشیا خورونوش فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سستی اور اعلی معیار کی اشیا کی فروخت جاری ہے، تمام دکاندار ریٹ لسٹ آویزاں کریں، جو دکاندار اشیا خورونوش کی ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کرے گا اس کو معافی نہیں ملے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت جلد پرائس کنٹرول کا مکمل ایک میکنزم بنا رہی ہے، پرائس کنٹرول کا شعبہ پہلے غیر فعال تھا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے پرائس کنٹرول کے شعبے کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں کسی کی ذاتی من مانی نہیں چلے گی، مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کا وہی ریٹ ہوگا جو انتظامیہ طے کرے گی، اس پر سختی سے عملدرآمد بھی کروایا جا رہا ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔