اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، مجھے یقین ہے ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے اور اپنے پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میں یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر آپ سب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم تاریخی قراردا ِپاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں جب 23 مارچ 1940 کو ہماری عزیر قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیر کی بنیاد رکھی گئی، آئیے ، آج ہم اپنے گزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں اور ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئیاپنے عزم کا اعادہ کریں۔
صدر نے کہا کہ آج اگر ہم تاریخ کے اوراق پر نظر ڈالیں تو ہمارے آبائو اجداد کے وژن اور عزم کی یاد تازہ ہوتی ہے، 1940کی قرارداد ِپاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے ، اس قرارداد سے 14 اگست 1947 کو پاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا، قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی اور آج کے دن ہم ان کے عزم اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ، ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ، ہماری قوم کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنایا ، دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ میں ان کا فاتحانہ کردار، قدرتی آفات کے دوران فرض کی پکار پر تیز ردعمل اور دنیا بھر میں امن مشنز میں ہمارا کردار عالمی امن اور پرامن بقائے باہمی کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا نمایاں اظہار ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریک پاکستان کے دوران اور غیر قانونی بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو بھی تسلیم کرتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین جبر اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں، ہندوتوا کے ایجنڈے سے متاثرہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی یکطرفہ منسوخی اس کی ایک مثال ہے،
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، پاکستان مظلوم کشمیری عوام کو ان کیحق خودارادیت کی فراہمی تک ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اسی طرح پاکستان کو اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے اندھا دھند قتل ، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر مسلسل حملوں پر گہری تشویش ہے،
پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس شریف میں دارالحکومت پر مبنی ایک آزاد، پائیدار اور ملحقہ فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی اصولی موقف پر قائم ہے ۔ صدر نے کہا کہ آئیے آج ہم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، میں آپ سب سے محنت، دیانتداری اور ہمدردی کی اقدار اپناتے ہوئے ملک کی تعمیر کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتا ہوں،
مجھے یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر رکاوٹوں کو عبور کریں گے اور اپنے پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے، اللہ تعالی اسلامی جمہوریہ پاکستان پر رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے۔