ملک احمد خان

جمہوری روایات میں سیاسی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں’ ملک احمد خان

لاہور (نمائندہ خصوصی) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا،23 مارچ پاکستان کے حصول کا سنگ میل ہے، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت نے پاکستان کے حصول کو یقینی بنایا،جمہوری روایات میں سیاسی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ ڈائیلاگ کے ذریعے وجود میں آنے والا ملک ڈائیلاگ سے ہی آگے بڑھے گا۔پاکستان نے ہمیشہ چیلجنز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ آج کا دن موجودہ حالات پر غور و فکر کی دعوت اور خوش حال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتا ہے ۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یومِ پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمیں ان چیلنجز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو ہمارے سامنے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے۔ پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے ۔

ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہو گا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کشمیری اور فلسطینی بہن، بھائیوں کو ظلم وبربریت سے نجات دے ۔ آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں