لاہور( نمائندہ خصوصی)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسی حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی جس سے ہر شعبے میں پیداوار بڑھے ، زراعت اور سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کی ترقی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جانی چاہیے اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے ، حلقے کے لوگوں نے جس محبت اور احترام سے نوازا ہے انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اہل علاقہ نے مسلسل رابطہ رکھنے پر ہمایوں اختر خان سے اظہار تشکر کیا اور انہیں اپنے دیرینہ مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ عہدے اہمیت نہیں رکھتے ، یہاں کی عوام سے جو تعلق ہے ان شا اللہ موثر رابطوں سے اسے مزید مضبوط بنائیں گے۔
اانہوں نے کہا کہ علاقے کے جو مسائل ہم اپنی ذاتی حیثیت میں حل کرا سکتے ہیں اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیںگے اور جہاں ہم نے آپ کی آواز میں اپنی آواز شامل کرنی ہے اس سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ علاقہ انتہائی پسماندہ ہے ، اس کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ہم عوام کے شانہ بشانہ چلیں گے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیںگے ۔