کراچی (گلف آن لائن )حال ہی میں دوسری بار عمرے کی سعادت حاصل کرنے والی پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے عمرہ ادائیگی کے فوری بعد ہی ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مختلف انسٹااسٹوریز اور پوسٹ کے ذریعے عمرے کی روانگی اور ادائیگی کے حوالے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا۔
گلوکارہ نے سفر سے لیکر ادائیگی عمرہ اور مسجد نبویﷺ کی زیارت تک ہر لمحے کی تصاویر اور مختصر ویڈیو کلپس انسٹاگرام پر پوسٹ یا اسٹوریز میں شیئر کیے۔تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں ٹیٹوز کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جہاں آئمہ بیگ نے اپنی انسٹاپوسٹ میں غلافِ کعبہ کو چھوتے ہوئے تصویر شیئر کی اور رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا وہیں انہوں نے ٹیٹوز کے باعث تنقید کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔
انہوں نے اپنی انسٹاپوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ زندگی میں پہلی بار میں رمضان المبارک کے اس خوبصورت مہینے میں حاصل ہونے والے ان خوبصورت لمحات کو پوسٹ کرنا چاہتی ہوں، یہ اب بھی میرے لیے ناقابل یقین ہے۔
انہوں نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید لکھا کہ ان سب کو سلام جو تنقید کر رہے ہیں، مجھے ان ٹیٹوز والے ہاتھوں سے خانہ کعبہ کو چھونے اور محسوس کرنے کا موقع ملا ہے۔
آئمہ بیگ کے مطابق اصل بات یہ ہے کہ کوئی انسان کبھی بُرا نہیں ہوتا بلکہ کسی شخص کے اعمال مذہبی طور پر ناپسند کئے جاسکتے ہیں لیکن اللہ بہت مہربان ہے، وہ ہمیں 70 ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہے۔
انہوں نے دعاگو ہوتے ہوئے لکھا کہ اللہ ہر مسلمان کو اس مقدس مقام پر آنے کی توفیق دے۔ آمین۔
خیال رہے کہ آئمہ بیگ نے گزشتہ برس ربیع الاول میں بھی عمرہ ادا کیا تھا اور رواں برس انہیں رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں بلاوا آیا ہے۔