اشرف بھٹی

رجسٹریشن کیلئے سروے میں تعاون کرینگے ،تاجروں کو بلا جواز ہراساں نہ کیا جائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر طبقہ موجودہ مشکل حالات اور معیشت کی بحالی میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے ،مطالبہ ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے ، رجسٹریشن کیلئے سروے میں ایف بی آر سے تعاون کریں گے ،واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تاجروں کو بلا جواز ہراساں کرنے سے گریز کیا جائے ، بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے سے تاجروں سمیت ہر طبقے کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپنے دفتر میں مختلف تجارتی مراکز کے عہدیدوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایف بی آر کی مجوزہ ٹیکس سکیم ، رجسٹریشن کے لئے سروے اور عید الفطر کی خریداری کی مناسبت سے بازاروں میں سکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ پولیس بازاروں اور تجارتی مراکز میں فول پروف سکیورٹی مہیا کرے ، تجاوزارت اور ناجائز پارکنگ کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہ ہو ۔

انہوںنے کہا کہ تاجروں کی بڑی تعداد ٹیکس نیٹ میں شامل ہے ، رجسٹریشن کے حوالے سے جو سروے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ہم اس میں اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ کسی بھی پالیسی اور فیصلے سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں لیا جانا چاہیے تاکہ سو فیصد نتائج برآمد ہو سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیںبڑھنے کی وجہ سے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ، حکومت سے اپیل ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کو ایک سطح پر مستحکم کر کے انہیں منجمد کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں