کراچی (گلف آن لائن) معروف اداکارہ نوال سعید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ڈراموں میں ساتھی اداکار کے ساتھ رومانوی کردار کرنے کے دوران محبت ہوگئی تھی لیکن بعد میں راہیں جدا کرلیں۔ ایک ٹی وی پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں نوال سعید نے کہا کہ انہوں نے کئی رومانوی ڈرامے کیے ہیں، کبھی کبھار حقیقت میں بھی ایسے ڈراموں کے کردار سے نکلنا مشکل ہوجاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایسا بھی ہوا ہے کہ رومانوی کردار کرتے وقت ساتھی اداکار اور انہیں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی، نوال سعید نے کسی مخصوص ڈرامے یا اداکار کا نام نہیں لیا البتہ یہ بتایا کہ صرف ایک مرتبہ ایسا ہوا تھا کہ انہیں ساتھی اداکار سے محبت ہوگئی تھی جو صرف کچھ وقت کے لیے تھی۔
نوال سعید نے کہا کہ ساتھی اداکار کے ساتھ دن کے بارہ گھنٹے گزاریں، اتنا تو فیملی کے ساتھ وقت نہیں گزارتے اور پھر ڈراموں میں رومانوی ڈائیلاگ ہوں تو محبت ہوجاتی ہے، یہ بہت نارمل بات ہے۔انہوں نے کہا کہ جب احساس ہوجائے کہ دو لوگ ایک دوسرے سے مختلف ہیں سوچ الگ ہے تو حقیقت قبول کرلیتے ہیں۔