اسلام آباد(گلف آن لائن ) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا ہے کہ پاکستان میں ساوتھ ایشین گیمز کے انعقاد سے دنیا میں ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کیساتھ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور کھیلوں کی بہتری کیلئے ملکر کام کرینگے ، حکومت ملک میں کھیلوں کیفروغ اور ترقی کیلئے مثبت اقدامات اٹھاے گی۔
وہ سائوتھ ایشین گیمز کے انعقاد کے حوالے سے ہونیوالے اجلاس کے دوران گفتگو کررہے تھے جس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عابد قادری، سیکرٹری جنرل خالد محمود سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔اجلاس میں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے کردار کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمی وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا کہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز، جس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے، ملک میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے درمیان اشتراک، ہم آہنگی اور تعاون ایک نئے دور کا آغاز کرتا ہے، جو پاکستان کے کھیلوں کے منظر نامے کو بلند کرنے اور اس کے نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل کے لیے بااختیار بنانے کے لیے تیار ہے۔
اجلاس میں کھیلوں کی بہتری اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے لیے مضبوط سپورٹ میکانزم فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ان کی مجموعی ترقی اور کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔