اسلام آباد (گلف آن لائن)چار سال بعد پاکستان ٹیم میں آنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ کم بیک پر لگ رہا ہے کہ جیسے یہ ان کی ڈیبیو سیریز ہو، جس بھروسے کے ساتھ مجھے واپس لایا گیا ہے اس پر پورا اترنے کا پریشر ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ ملک سے کھیلنے کی بات کی کچھ اور ہوتی ہے، جب سینے پر ستارہ سجتا ہے تو وہ مختلف احساس ہوتا ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ مجھے جس گول کیلئے لایا گیا ہے وہ ورلڈ کپ ہے پاکستان ٹیم سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکی ہے اب لائن کراس کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا فٹنس لیول پہلے سے کافی بہتر ہے، میں آج خود کو 2019 سے زیادہ فٹ محسوس کرتا ہوں، جب تک آپ فٹ نہیں ہوتے آپ گراؤنڈ میں کچھ نہیں کر سکتے، فٹنس کے بغیر اسکل کا کوئی فائدہ نہیں۔ محمد عامر نے کہا کہ بیگم اور بیٹیوں نے مجھے بہت حوصلہ دیا۔