ریاض(گلف آن لائن)سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عمرہ ویزہ اب تین ماہ کے لیے جاری کیا جائے گا اور اس کی تین ماہ کی معیاد ویزے کے اجرا سے شروع ہو جائے گی۔
ان تین ماہ کے اندر عمرہ زائرین سعودی عرب چھوڑنے کے پابند ہوں گے۔وزارت نے اپنے ایکس اکائونٹ پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ عمرہ ویزے کی معیاد اس کے اجرا کی تاریخ سے تین ماہ ہے بشرطیکہ اس کی معیاد ہجری سال کے مطابق 15 ذی قعد کے بعد ختم نہ ہو۔
رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے ہر سال حج سیزن کے پیش نظر عمرہ ویزوں کی معیاد 15 ذی قعدہ تک رکھنے کی منظوری دی ہے۔ قبل ازیں عمرہ سیزن 29 ذی قعد کو ختم ہوتا تھا۔