اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھارتی حریف نے بدتمیزی کی تھی اور انتہائی نامناسب الفاظ اور گالم گلوچ کی تھی۔
ایک انٹرویومیں شاہ زیب رند نے کہا کہ الحمداللہ میں بہت خوش ہوں، یہ جیت میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے، میں نے محنت کی اور فتح حاصل کی، مجھ پر بہت دباؤ تھا لیکن میں جانتا تھا کہ ملک کا نام روشن کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فائٹ کیلئے میں نے بہت زیادہ تیاری کی تھی، امریکا میں رمضان میں ٹریننگ کرنا بہت سخت اور مشکل ہوتا ہے تاہم میں نے اپنی ٹریننگ جاری رکھی، میں جانتا تھا کہ یہ جیت پاکستان کے لیے بہت بڑی فتح ہونے والی ہے اور میں جانتا تھا کہ جیتوں گا۔
انہوںنے کہاکہ یہ بہت بڑی فائٹ تھی اور بھارت کے خلاف ہمیشہ بڑی فائٹس ہوتی ہیں، یہ فائٹ دیکھنے کے لیے بھارتی اداکار سلمان خان اور بڑے نام آئے ہوئے تھے۔شاہ زیب رند نے بتایا کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھارتی حریف نے بدتمیزی کی تھی اور انتہائی نامناسب الفاظ اور گالم گلوچ کی تھی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فائٹ کے بعد سلمان خان نے مجھے خود اپنے پاس بلایا اور حوصلہ بڑھایا، انہوں نے بہت تعریف کی جبکہ وہ مجھے پہلے سے جانتے تھے، انہوں نے پہلے بھی میری فائٹس دیکھی ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز چھا گئے تھے، پاکستانی فائٹرز شاہ زیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دیدی جبکہ علومی کریم کی جگہ لڑنے والے فیضان خان بھارتی حریف سے ہار گئے۔بعد ازاں بھارتی حریف پر پے در پے وار کرنے والے پاکستانی کپتان شاہ زیب رند کی بولی وڈ اداکار سلمان خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔