لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کاکسانوں کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے ، اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کرنے والوں پر تشدد کرنا وطیرہ بنا لیا گیا ہے ، پی ٹی آئی کسانوں کے شانہ بشانہ ہے اور ان کے حقوق کیلئے ایوانوں میں بھی بھرپور آو از بلند کی جارہی ہے ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گندم امپورٹ کرکے خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے اور اپنے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کا محاسبہ کیا جانا چاہیے ، قوم کو بتایا جائے کس نے ضرورت سے زیادہ گندم امپورٹ کر کے اپنی جیبیں بھریں ، آج کسان کی فصل کھلے کے آسمان کے نیچے پڑی ہے اور حکومت زبانی جمع خرچ میں لگی ہوئی ہے ، پنجاب حکومت اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام ہو گئی ہے اور اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا۔