ممبئی(گلف آن لائن) معروف اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ اپنی نئی فلم ”ستارے زمین پر” کی شوٹنگ آئندہ ماہ سے دارالحکومت دہلی میں شروع کریں گے۔
عامر خاں کی فلم ”تارے زمین پر” 2007 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس بلاک بسٹر فلم نے اربوں روپے کمائے تھے۔ اس فلم نے ایک انوکھے موضوع کو عوام کے سامنے پیش کیا تھا۔ یہ کہانی ایسے بچے کی تھی جو پڑھنے لکھنے میں دشواری کے مرض مبتلا ہوتا ہے۔
اس جاندار کہانی نے اب تک فلم بینوں کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ جب مسٹر پرفیکشسنسٹ نے ”لال چڈھا سنگھ” کی ناکامی کے بعد کچھ عرصے کے لیے فلم انڈسٹری سے وقفہ لیا اور پھر فلم ”ستارے زمین پر” بنانے کے اعلان سے انٹری لی تو مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔عامر نے کہا تھا کہ فلم کا تھیم ‘تارے زمین پر’ جیسا ہی ہے لیکن یہ فلم آپ کو ہنسائے گی اور تفریح فراہم کرے گی۔ ہم نے یہ نام بہت سوچ سمجھ کر رکھا ہے۔
ہم سب میں خامیاں ہیں، ہم سب میں کمزوریاں ہیں، لیکن ہم سب میں کچھ خاص بھی ہے، اس لیے ہم اس موضوع کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ستارے زمین پر جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ تارے زمین پر کا تسلسل ہے میں اْن بچوں کی کہانی ہے جن کے اپنے کچھ طبی مسائل ہیں جس کے باعث وہ دیگر بچوں سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔
فلم بنانے کے اعلان کے بعد سے عامر خان نے ایک لمبی چپ سادھ لی تھی جس سے خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ شاید اس پروجیکٹ پر کام کرنے کا سلسلہ رک گیا ہے یا عامر خان نے کچھ نیا سوچا ہے۔تاہم اب اداکار نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم ‘ستارے زمین پر’ کی آئندہ ماہ سے شوٹنگ کی تیاری کر رہے ہیں۔ شوٹنگ بظاہر دہلی کے مختلف مقامات پر ہوگی جس میں لال قلعہ، لودھی گارڈن، پرانی دلی اور تھایا گراج اسٹیڈیم شامل ہیں۔
ہندوستان ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر خان اپنی فلم کی شوٹنگ کے لیے تقریباً 11 بچوں کے ساتھ دارالحکومت نئی دہلی آئیں گے۔ اس کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ بھی ساتھ ہوگی تاہم کاسٹ کے حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔نئی دہلی میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی اس شوٹنگ میں اداکار بچے پیرا اولمپک گیمز میں شامل ہوں گے۔ مداحوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عامر خان کی نئی فلم سال نو کا تحفہ ثابت ہوگی۔