اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اگلے چند روز میں سعودی عرب کا اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان آ رہا ہے،یہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے،وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رہے گا،سوشل میڈیا پر آن لائن ہراسمنٹ اور فیک نیوز کے حوالے سے ایک مہم دیکھنے میں آئی،آن لائن سمیت ہر قسم کی ہراسمنٹ کا خاتمہ ضروری ہے، ڈیجیٹل رائٹس کو سمجھنے کے لئے عوام کو آگاہی دینا ہوگی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے سعودی عرب کا کامیاب دورہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ دہائیوں میں اتنا کامیاب دورہ سعودی عرب کا نہیں دیکھا گیا۔ انہوںنے کہاکہ سعودی وزراء کے ساتھ میٹنگز کا سلسلہ دو دن جاری رہا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دو دن میں سعودی عرب کے وزراء اور اہم شخصیات سے 12 اعلیٰ سطحی اجلاس ہوئے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ تمام افراد نے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، ایک ماہ کے اندر وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے دو ملاقاتیں ہوئیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عید کے فوری بعد سعودی وزیر خزانہ اپنے متعلقہ وزراء کے ساتھ پاکستان آئے اور یہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد اگلے چند روز میں سعودی کاروباری شخصیات کا ایک بڑا وفد پاکستان آ رہا ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ سعودی ولی عہد کی ہدایت پر سعودی وزراء نے پاکستان کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا، پاک سعودی تعلقات کے اندر ایک نیا آغاز ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم کے تاریخی دورہ کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، اگلے چند روز میں سعودی عرب کا اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان آ رہا ہے،یہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے،وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سوشل میڈیا پر آن لائن ہراسمنٹ اور فیک نیوز کے حوالے سے ایک مہم دیکھنے میں آئی۔ انہوںنے کہاکہ ایسی مہمات کے حوالے سے حکومت کو تجاویز دی جائیں،آن لائن سمیت ہر قسم کی ہراسمنٹ کا خاتمہ ضروری ہے، آن لائن ہراسمنٹ کے تدارک کے لئے عوام مخصوص اتھارٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لئے اس وقت کوئی قانون موجود نہیں، ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لئے کام ضروری ہے،سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا اور افواہوں کا تدارک ضروری ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈز کی روک تھام کے لئے اقدامات ضروری ہیں، ڈیجیٹل رائٹس کو سمجھنے کے لئے عوام کو آگاہی دینا ہوگی۔