پشاور (نمائندہ خصوصی)پشاور ہائی کورٹ نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تفصیلات فراہمی کیس پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے کسی بھی مقدمے میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو گرفتار اور ہراساں نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ علی امین کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 17 مقدمات، ڈیرہ اسمعیل خان میں ایف آئی اے سائبر کرائم میں 2 انکوائریز اور قومی احتساب بیورو (نیب) میں ایک انکوائری چل رہی ہے۔فیصلے کے مطابق نیب اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالت میں بتایا کہ درخواست گزار کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے درخواست گزار پنجاب مقدمات کی تفصیل کے لیے 30 دن میں متعلقہ فورم سے دوبارہ رجوع کریں۔واضح رہے کہ 27 فروری کو پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات میں 19 مارچ تک ضمانت منظور کرلی تھی۔