کراچی (نمائندہ خصوصی)سندھ کے سینئروزیرِشرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جس ادارے کے خلاف سازش کی آج وہیں سے بھیک مانگ رہے ہیں، 10مئی کے بعد ایکسائز ڈپارٹمنٹ غیررجسٹرڈ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ضبط کر لے گا، جب تک گاڑی رجسٹرڈ نہیں ہوتی سڑک پر نہیں آسکتی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جیل میں بیٹھے شخص کے آرٹیکل غیر ملکی جریدوں میں کیسے چھپ رہے ہیں، بانی پی ٹی کی ڈیل کا کوئی علم نہیں، بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سے بات نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی جریدے اس وقت بانی پی ٹی آئی کے آرٹیکلز شائع کررہے ہیں، ان کو غیر ملکی ایجنٹوں کی حمایت حاصل ہے، انہوں نے 9 مئی کو ادارے کے خلاف سازش کی۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ پوری دنیا میں کچھ مسائل مشترکہ ہیں، ہر حکومت کو چاہیے کہ مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کا حل نکالے، نئی حکومت کے آتے ہی محکمہ ایکسائز نے منشیات کے خاتمے کا عہد کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نوجوان نسل منشیات کی شکار ہو رہی ہے، ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ، مل کر منشیات کا خاتمہ کرنا ہے، وزیر داخلہ و آئی جی نے منشیات کے خلاف کارروائی میں بھرپور تعاون کیا، منشیات کی خریدو فروخت میں ملوث 1505 افراد کو گرفتار کیا اور 1332 مقدمات درج کیے۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں، انسداد منشیات کے لیے پولیس، رینجرز اور نارکوٹکس فورس مشترکہ کوشش کریں گی، والدین کو بھی تاکید کرتے ہیں وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی کے بعد ایکسائز ڈپارٹمنٹ غیررجسٹرڈ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ضبط کر لے گا، جب تک گاڑی رجسٹرڈ نہیں ہوتی سڑک پر نہیں آسکتی، مختلف جرائم میں بھی غیر رجسٹرڈ گاڑیاں استعمال ہوتی ہیں، جن رجسٹرڈ گاڑیوں نے ٹیکس نہیں ادا کیا ہو گا ان پر چالان کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ قانون بنا رہے ہیں کہ کوئی گاڑی شوروم سے اس وقت تک نہ نکلے جب تک رجسٹرڈ نہ ہو، تقریبا 44 ہزار نمبر پلیٹ محکمے میں رکھی ہیں جو لوگ لے کر نہیں گئے، یہ تمام نمبرز کی سیریز اخبار میں شائع کرائی جائے گی۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جن بچوں پر شک ہو گا ان کے منشیات کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے، اگر بچے کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس سے پوچھا جائیگاکہ منشیات کہاں سے ملی، منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اس سے پہلے ایکسائز کی وزارت مکیش کمار چالہ کے پاس تھی، مکیش کمار چالہ کے دور میں سب سے زیادہ منشیات پکڑی گئی، کل بھی کچے میں بڑے ڈاکوئوں کو مارا گیا ہے، پولیس اور رینجرز مشترکہ طور پر کچے کے ڈاکوں کے خلاف آپریشن کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں اسٹاف کی شدید کمی ہے، اپیل کرتا ہوں سرکاری نوکریوں پر پابندی ہٹائی جائے، نگراں حکومت نے بڑی مقدار میں گندم درآمد کر کے بڑی غلطی کی، وفاقی حکومت گندم سے متعلق فیصلے کر رہی ہے، کسان سے گندم نہیں خریدی جائے گی تو اگلی فصل کیسے لگائیں گے۔