عارف علوی

بات چیت ہی ملکی مسائل کا حل ہے، میں پل کا کردار ادا کرتا رہا ہوں ،عارف علوی

لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق صدر مملکت و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسائل کا حل بات چیت ہی میں ہے، بات چیت کے لئے اپنی کوشش کرتے رہیں گے، ناکامی تب ہو گی جب ناکامی مان لوں گا،جمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ان کو اچھی صحت اور اچھے موڈ میں پایا، 6ججز کے خط سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس ہے، ہمارے تمام ادارے ایک بند گلی میں چلے گئے ہیں، فوج میری ہے، میں نے ہمیشہ اس کا دفاع کیا۔

شوکت محمود بسرا اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اتنا مینڈیٹ لینے کے بعد بھی قید میں ہیں، موجودہ پارلیمنٹ فارم 47 والی ہے، اس کے پاس مینڈیٹ کم ہے، اس وقت فارم 47 والی حکومت ہے، یہ چلتی رہی تو حالات خراب ہوں گے۔ عارف علوی نے کہا کہ میڈیا آزاد ہے تو لوگوں کو پتہ چل رہا ہے دنیا میں کیا ہورہا ہے، غزہ میں سوشل میڈیا پر تصویروں سے پتا چلا کتنا ظلم ہو رہا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس میں سوشل میڈیا کو بند کیا گیا،سوشل میڈیا عوام کے ہاتھ میں ہے جس سے افواہیں پھیلتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے آنے والے وفد سے فائدہ ہوگا، پاکستان کو اس وقت سرماریہ کاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں پولیس نے ہر کسی کے گھر جا کر توڑ پھوڑ کی، ظلم ڈھائے ۔انہوں نے کہا کہ بات چیت ہی ملکی مسائل کا حل ہے، میں پل کا کردار ادا کرتا رہا ہوں ،میں بات چیت کے لیے کوشش کرتا رہوں گا، ناکامی تب ہو گی جب ناکامی مان لوں گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں