اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عارف علوی نے 9مئی کے واقعے میں کچھ افراد کی ذمے داری تو قبول کی،ان کالیڈر کہتا رہا ہے کہ امریکا برا ہے،آج کل دوست ہے، سفیر سے بھی مل رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ فوج نے اگر اپنے لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے تو وہ لاپروائی یا سازش میں ملوث پائے گئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ فوج نے قاعدے اور قانون کے تحت کارروائی کی، جہاں تک سیاسی جماعت کا تعلق ہے اس کا قائد للکار رہا ہے۔وزیردفاع نے کہاکہ عارف علوی صاحب نے 9مئی کے واقعے میں کچھ افراد کی ذمے داری تو قبول کی۔خواجہ آصف نے کہاکہ ان کی سیالکوٹ کی لیڈرشپ نے بھی اپنے انٹرویو میں بانی پی ٹی آئی کو ذمے دار ٹھہرایا،میرے خیال میں ان کا مطلب ہے چند افراد پر ذمے داری ڈال دیں جو براہ راست ملوث ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بطور پارٹی یہ تشدد کے نظریے کی پیروی کر رہے ہیں، ان کا لیڈرکہتا رہا ہے کہ امریکا برا ہے،آج کل دوست ہے، سفیر سے بھی مل رہے ہیں، مختلف لابیز پر پیسے بھی لگا رہے ہیں،مختلف اوقات میں ان کی پالیسی بدلتی رہتی ہے۔انہوںنے کہاکہ بقول عارف علوی جو لوگ ملوث نہ تھے وہ 9مئی سے متعلق کھل کر اظہار مذمت کیا کریں جن لوگوں نے اس دن تنصیبات پر حملے کیے، کہیں پارٹی کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔