ویمنز ٹی ٹوئنٹی

دوسرا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ، انگلینڈ نے پاکستان کو 65 رنز سے شکست دے دی

نارتھمپٹن (نمائندہ خصوصی)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سیزیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں۔

انہوں نے اپنے 148 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 137 وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا کی میگن شوٹ کا 136 وکٹوں کا ریکارڈ توڑدیا۔ندا ڈار کے اس عالمی ریکارڈ کے باوجود انگلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 65 رنز سے شکست دے کر تین میچوں سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ ویمنز نے ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 53 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔جمعہ کو نارتھمپٹن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ پاکستان ویمنز جواب میں صرف 79 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی اننگز میں نیٹ سیور برنٹ اور ایلس کیپسی 31۔ 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ مایا باؤچیر نے30 رنز اسکور کیے۔پاکستان ویمنز کی طرف سے ندا ڈار نے 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ وحیدہ اختر۔ سعدیہ اقبال اور اپنا 50 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی ڈیانا بیگ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ڈیانا بیگ نے انگلینڈ ویمنز کی کپتان ہیدر نائٹ کی اہم وکٹ صرف 4 رنز کے انفرادی اسکور پر حاصل کی۔پاکستان ویمنز کی اننگز میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور کوئی بھی بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکی۔عالیہ ریاض 19 بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ ایلس کیپسی کو ان کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں