ورلڈ سیپک ٹاکرا

ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں پاکستان کو مسلسل شکست کا سامنا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ریگو اور ڈبلز میں شامل قومی ٹیم ابتدائی تینوں میچوں میں مسلسل شکست کھا گئی، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب 23مئی کو ہوگی۔

نجی ٹی وی کے مطابق ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی 9رکنی ٹیم کے سب سے کم عمر کھلاڑی شیرو علوی ہیں جن کی عمر 34سال ہے، دیگر کھلاڑی 40سال سے اوپر ہیں،جنہیں بھاری معاوضہ لیکر جوائے ٹرپ کیلئے بھیجا گیا ہے۔ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں دنیا بھر کی 36سے زائد ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، پاکستانی ٹیم کو ہفتہ اور اتوار کو ہونے والے ریگو اور ڈبلز دونوں ایونٹس میں بنگلا دیش، سری لنکا اور ایران سے شکست کا سامنا رہا، اس طرح قومی ٹیم اس بار بھی ایونٹ میں بغیر کامیابی کے واپس لوٹے گی۔

ریگو ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس کی دیگر ٹیموں میں سعودی عرب، فرانس، ایران اور جرمنی شامل ہیں جب کہ ڈبلز میں پاکستان، بنگلا دیش، سری لنکا، چائنیز تائپے اور سعودی عرب شامل ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان سیپک ٹاکرا کے نام سے دنیا کے مختلف ممالک میں ایونٹس میں حصہ لینے والی ٹیم کا ملک کے مختلف صوبوں میں کوئی وجود ہے اور نہ ہی اس کی قومی چیمپئن شپ ہوتی ہے، سیپک ٹاکرا کے سربراہ نوشاد احمد بھاری معاوضہ لیکر چالیس سال سے بھی زائد عمر کے افراد کو کھلاڑی بنا کر ٹیم کے ہمراہ جوائے ٹرپ پر بھیج رہے ہیں۔

ایک طرف پاکستان ہاکی میں17 سال بعد اپنا مقام حاصل کر رہا ہے۔ فائٹنگ گیمز میں اسرائیل اور بھارت کو شکست دے رہا ہے، ارشد ندیم جیسے پلیئرز اپنی مدد آپ کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، وہاں سیپک ٹاکرا اور ایسی ہی کئی جعلی ٹیمیں ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں