چیمسفرڈ (نمائندہ خصوصی ) انگلینڈ ویمنز نے نیٹ سیور برنٹ کی سنچری کی بدولت پاکستان ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 178 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے تین میچوں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی یہ سیریز دو صفر سے جیت لی۔ اس نے ڈربی میں پہلا ون ڈے 37 رنز سے جیتا تھا جبکہ ٹانٹن میں دوسرا ون ڈے بارش کی وجہ سے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا تھا۔انگلینڈ نے اس سے قبل تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی تین صفر سے اپنے نام کرلی تھی۔
چیمسفرڈ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔پاکستان ٹیم جواب میں صرف 124 رنز بناکر آٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات نیٹ سیور برنٹ کی شاندار سنچری تھی جنہوں نے 117گیندوں پر14 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 124 رنز اسکور کیے اور آٹ نہیں ہوئیں۔یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی 9 ویں سنچری ہے۔ ڈینی وائٹ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی ۔ برنٹ اور ڈینی وائٹ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 79 رنز کا اضافہ کیا جبکہ برنٹ اور ایلس کیپسی کے درمیان چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 87 رنز بنے۔
ایلس کیپسی 39 رنز بناکر ناٹ آٹ رہیں ۔ ام ہانی نے 47 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی اننگز میں منیبہ علی نے 7 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ سوفی ایکلسٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں اس کے ساتھ ہی انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی سو وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔مختصر اسکور ۔ انگلینڈ 302 رنز5 کھلاڑی آوٹ 50 اوورز ۔ نیٹ سیور برنٹ 124 ناٹ آٹ ۔ ڈینی وائٹ 44۔ ام ہانی 47 / 2 وکٹ۔ پاکستان 124 رنز 29.1 اوورز ۔ منیبہ علی 47۔ سوفی ایکلسٹن 15 / 3 وکٹ نیٹ سیور برنٹ11 / 2 وکٹ۔ لارین بیل 26 / 2 وکٹ۔نتیجہ : انگلینڈ نے 178 رنز سے جیتا۔