سیول(نمائندہ خصوصی)جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کوڑا اور فضلہ لے جانے والے مزید غبارے بھاری قلعہ بند سرحد کے پار جنوبی کوریا بھیج رہا ہے۔ پیانگ یانگ نے اس ہفتے کے اوائل میں بھی کچرا اور فضلہ لے جانے والے سیکڑوں غبارے بھیجے تھے جسے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع شن وون سیک نے ایک ناقابل تصور حد تک چھوٹا اور نچلی سطح کا عمل قرار دیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوبی کوریا کی فوج نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ غباروں کو ہاتھ نہ لگائیں اور حکام کو اس کی اطلاع دیں۔ پیانگ یانگ نے اس اقدام کو ان کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائی قرار دیا جنہوں نے سرحد کے پار شمالی کوریا کے خلاف پرچے تقسیم کرنا شروع کیے تھے۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں حکام نے انتباہات جاری کئے جس میں کہا گیا تھا کہ شہر کے قریب آسمان میں مشتہ طور پر شمالی کوریا سے آنے والی نامعلوم اشیا دریافت ہوئی ہیں اور فوج ان کا جواب دے رہی ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا کے تقریبا 260 غباروں کا ملبہ نکالنے کے لیے کیمیکل ریپڈ رسپانس اور بم ڈسپوزل ٹیمیں بھیجیں۔ یہ غبارے منگل اور بدھ کو ملک کے مختلف حصوں سے ملے تھے۔فوج کا کہنا تھا کہ غبارے مختلف قسم کا کچرا اور کھاد لے کر جا رہے تھے اور ان میں کیمیائی، حیاتیاتی یا تابکار مواد جیسا کوئی خطرناک مواد نہیں تھا۔
بدھ کو ایک بیان میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن اور ایک بااثر شخصیت کم یو جونگ نے تصدیق کی تھی کہ شمالی نے یہ غبارے ان کے ملک کی جانب سے جنوب میں کچرے اور غلاظت کے ڈھیروں کو بکھیرنے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ ان غباروں کو سرحد پار سے شمالی کوریا مخالف کتابچے شروع کرنے کے ردعمل میں بھیجا گیا ہے۔