غزہ

غزہ، نصیرات کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 30افرادجاں بحق

مقبوضہ غزہ(نمائندہ خصوصی)اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرات کے علاقے میں کیمپ 2 میں واقع السردی مڈل اسکول کی عمارت کو براہ راست میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عرب ٹی وی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔غزہ کی پٹی میں حکومتی ذرائع نے اطلاع دی کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 32 فلسطینی مارے گئے۔

یہ حملہ پٹی کے وسط میں نصیرات میں بے گھر افراد پر کیا گیا۔فلسطینی میڈیا آفس نیاس واقعے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ درجنوں بے گھر افراد کی رہائش گاہ والے اسکول کے کئی کمروں کو نشانہ بنایا گیا۔ میڈیا آفس نے اسے اسرائیلی فوج کی ایک بہیمانہ کارروائی اور وحشیانہ قتل عام قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ ہنگامی اور امدادی ٹیمیں اب بھی درجنوں لاشوں اور زخمیوں کو دیر البلح کے شہدا الاقصی ہسپتال میں منتقل کر رہی ہیں جو اب زخمیوں اور بیماروں کی گنجائش سے تین گنا زیادہ بوجھ کیساتھ کام کررہا ہے۔اسرائیلی فوج نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اس نے وسطی غزہ میں اونروا اسکول کے اندر حماس کے کمپائونڈ کو نشانہ بناتے ہوئے ایک مہلک حملہ کیا ۔

کواڈ کاپٹر طیاروں نے النصیرات کیمپ کے مشرق میں شاہراہ العشرین کے اطراف میں فائرنگ کی اور المغازی اور البریج کیمپوں کے مشرق میں شدید گولہ باری کے ساتھ رفح شہر کے مغرب میں واقع محلوں کو شدید نشانہ بنایا۔اسرائیلی طیاروں نے نصیرات کیمپ کے جنوب میں واقع ابو عبیدہ مسجد کے نزدیک واقع ابو بطحان خاندان کے ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا اور قابض طیارے نے نصیرات کیمپ کے جنوب میں واقع الزویدہ قصبے پر حملہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں