صدر مملکت

موجودہ دور میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریاں ، عالمی وبائیں تیزی سے پھیل رہی ہیں، صدر مملکت

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحفظِ خوراک یقینی بنانے کیلئے حکومتی پالیسیوں ، اسٹیک ہولڈرز کے اقدامات تیز کرنے کیلئے دن منارہے ہیں، موجودہ دور میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریاں ، عالمی وبائیں تیزی سے پھیل رہی ہیں، حفظانِ صحت کے اصول اپنانے ، غذائی نظام کی حفاظت کیلئے فعال اقدامات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، میڈیا کے ذریعے لوگوں میں تحفظِ خوراک ، صاف ، صحت بخش خوراک بارے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تحفظِ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تحفظِ خوراک سب کی مشترکہ ذمہ داری ، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اجتماعی کوششیں کرناہوں گی، قوم کی صحت یقینی بنانے کیلئے فوڈ سیفٹی کے اعلی ترین معیارات پر عمل درآمد کرنا ہوگا،

صدر مملکت نے کہا تحفظِ خوراک کے معیارات پر سختی سے عمل کر کے خوراک کی آلودگی اور اس میں ملاوٹ کے رحجان کو کم کر سکتے ہیں ، آئیے ، ہر شہری کی محفوظ، صاف اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی یقینی بنائیں ، اس سال کے عالمی یومِ تحفظ خوراک کا عنوان “تحفظِ خوراک : غیر متوقع عناصر کیلئے تیاری ” ہے، انہوں نے کہا یہ دن ہمیں خوراک کی محفوظ سپلائی میں حائل چیلنجز اور غیر یقینی عناصر کی یاد دِہانی کراتا ہے، ہمیں فوڈ چین میں موجود ممکنہ خطرات اور کمزوریوں کو قبل از وقت جانچنے اور کم کرنے کیلئے مثر اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہوگا، خوراک کی نگرانی کے نظام میں سرمایہ کاری، متعلقہ لیبارٹریوں کو مضبوط بنانے اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو مثر بنانا ضروری ہے ،

صدر مملکت نے کہا خوراک کی پیداوار، پروسیسنگ اور تقسیم پر اثر انداز ہونے معیارات اور ضوابط مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، بہترین زرعی طریقوں کو فروغ دینے سے خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے امکانات کم کرنے، خوراک کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے، پاکستان کو تحقیق اور اختراع میں سرمایہ کاری کرنے اور تحفظِ خوراک کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا، جدید ٹیکنالوجی ممکنہ خطرات کی درست نشاندہی کرکے صحت ِعامہ کی حفاظت کیلئے مثر اور درست سمت میں اقدامات اٹھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں