اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں چین کی جانب سے تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا عالمی دن منانے کی تجویز متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ تہذیبوں کی تمام کامیابیاں انسانی معاشرے کی مشترکہ دولت ہیں، تہذیبوں کے تنوع کے احترام کی وکالت کی جانی چاہیے ، عالمی امن کے تحفظ، مشترکہ ترقی کو فروغ دینے، انسانی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقی کے حصول میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے اہم کردار پر روشنی ڈالنے ، مختلف تہذیبوں کے درمیان مساوی مکالمے اور باہمی احترام کی وکالت کی جانی چاہیے۔
یہ تصورات چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ عالمی تہذیبی اقدام کے بنیادی خیالات کی مکمل عکاسی کرتے ہیں، اور 10 جون کو تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا عالمی دن قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو زونگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے کل رکنی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا میں متعدد بحران اور چیلنجز ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، دنیا بدامنی اور تبدیلی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے اور انسانی معاشرہ ایک بار پھر تاریخ کے ایک چوراہے پر پہنچ چکا ہے۔ اس پس منظر میں چین نے تجویز پیش کی ہے کہ جنرل اسمبلی تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا بین الاقوامی دن منائے جس کا مقصد امتیازی سلوک اور تعصب کے خاتمے، افہام و تفہیم اور اعتماد کو بڑھانے، لوگوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے، یکجہتی اور تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے انسانی معاشرے کی یکجہتی میں مثبت توانائی پیدا کرنے میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے اہم کردار کو مکمل طور پر ادا کرنا ہے۔ یہ کثیر الجہتی اور اقوام متحدہ کے کام کے لئے چین کی پختہ حمایت اور ایک بڑے ملک کے طور پر چین کے احساس ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے قرارداد کی منظوری کے بعد صحافیوں کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فو زونگ نے اس بات پر زور دیا کہ صدر شی جن پھنگ نے گزشتہ سال مارچ میں گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو پیش کیا تھا اور دنیا سے پرخلوص اپیل کی تھی کہ وہ تہذیبوں کے درمیان تبادلوں اور باہمی سیکھنے کو مزید فروغ دیں اور انسانی تہذیب کی ترقی کو فروغ دیں جس کی بین الاقوامی برادری نے مثبت طور پر تائید کی ہے۔
جنرل اسمبلی کی جانب سے تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے بین الاقوامی دن کے قیام کے لیے بین الاقوامی برادری کی متفقہ حمایت اس بات کو مکمل طور پر ظاہر کرتی ہے کہ گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو وقت کے رجحان اور ضروریات کے مطابق ہے، اور اس بات کو مکمل طور پر ظاہر کرتا ہے کہ چین کے خیالات اور فارمولے تیزی سے بین الاقوامی اتفاق رائے بن رہے ہیں۔