پنجاب حکومت کی 100روز کی کارکردگی اشتہارات تک محدود ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی پہلے 100روز کی کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہے ،حکومت کے پاس کسانوں سے گندم خریدنے کیلئے فنڈز نہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز میں 2ارب کا اضافہ کر کے اس کا حجم 5ارب روپے کر دیا گیا ہے جو مضحکہ خیز ہے ، ہتک عزت بل پر رات کی تاریکی میں دستخط کئے گئے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت آگادوڑ پیچھاچھوڑ کی پالیسی پر گامزن ہے ، دکھاوے کے لئے منصوبوں کے افتتاح کئے جارہے ہیں لیکن اس کے لئے باضابطہ کوئی ہوم ورک نہیں جس کی وجہ سے سرکاری افسران بھی سر پکڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام تو بے چینی سے منتظر ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 300یونٹس مفت بجلی فراہمی کا اعلان کرے گی لیکن اس کے برعکس ہر روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ جو لوگ جمع پونجی سے سولر سسٹم لگوا رہے ہیں ان کیلئے بھی مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پہلے 100روز کی ناقص کارکردگی سے ان کی اہلیت پر سوال اٹھ رہے ہیں لیکن پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے۔سیاہ آرڈیننسز اور بلوں پر مُک مکا کر کے رات کی تاریکی میں دستخط کئے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں