رضا ربانی

بجٹ تقریر میں غربت سے نمٹنے کی کوئی بات نہیں کی گئی: رضا ربانی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وزیرِ خزانہ نے بجٹ تقریر میں غربت سے نمٹنے کی کوئی بات نہیں کی، طاقت ور افراد کی فہرست ظاہر نہیں کی جنہیں ٹیکس سے استثنی حاصل ہے اور وہ مقدس گائے ہیں۔اپنے ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت نے محدود مالیاتی اسپیس کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف سے معذرت کی ہے، حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبے کو ریلیف فراہم کرنے میں بھی بے بسی ظاہر کی۔

ان کا کہنا ہے کہ بجٹ دستاویزات میں گروتھ اور معاشی استحکام پر زور دیا گیا ہے، وفاقی حکومت محنت کش طبقے کی بجائے حکمراں اشرافیہ کو تحفظ دے رہی ہے، پی آئی اے اور ایئر پورٹ جیسے اسٹریٹیجک اثاثوں کی نج کاری غیر آئینی ہے، مشترکہ مفادات کونسل سے اس نج کاری کی منظوری نہیں لی گئی۔

رضا ربانی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کا یہ کہنا غلط ہے کہ وہ اسٹریٹجک اثاثوں کے تصور کو تسلیم نہیں کرتی، بجٹ دہائی پرانے این ایف سی یوارڈ پر بنایا گیا ہے، صوبوں کو آمدن میں ان کے حصے سے محروم کیا گیا ہے۔سینیٹ کے سابق چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف کا ہے جس میں محنت کش طبقوں کو محروم کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں