آصف علی زرداری

آصف علی زرداری کی عید الاضحی کے مبارک اور پْرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحی کے مبارک اور پْرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ میں عید الاضحی کے مبارک اور پْرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اورپاکستان کیلئے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔

انہوںنے کہاکہ عیدالاضحی ہمیں اللہ تعالیٰ کے دو برگزیدہ پیغمبر وں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی نے جب ان عظیم شخصیات کو آزمائش سے گزارا تو دونوں نے رضائے الٰہی کے حصول کیلئے سر تسلیم ِخم کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ قربانی کا یہ عمل اللہ تعالی کی بارگاہ میں اس قدر مقبول ہوا کہ امتِ محمدیہ ۖپر قربانی کی اس عبادت کو لازم قرار دے دیا۔نبی کریم ۖ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے۔

اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔انہوںنے کہاکہ عید الاضحی کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں گے،ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اس عید الاضحی پر اپنے قرب و جوار میں قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوںنے کہاکہ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان پر اپنی ڈھیروں برکتیں اور رحمتیں نازل فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں