اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الاضحی کے موقع پر عازمین حج، پوری قوم اور امت مسلمہ کو حج اور عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے۔ عید الضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے کا ارادہ کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو پیر کے روز پورے ملک میں نہایت مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دین اسلام کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر پوری قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، اور دنیاوی لالچ کی بجائے محبت، ایثار اور رواداری سے سر شار ہو کر اپنے ارد گرد کے ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور عید کے اس پر مسرت موقع پر انکو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
انہوں نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے جذبہ ابراھیمی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی موجودہ پارلیمان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر آپس کے سیاسی اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج اور عید الاضحی کے اجتماعات سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک، بھائی چارے اور رواداری سے رہیں تاکہ ہمارا آپس میں بھائی چارہ اور یگانگت قائم ہو سکے۔
انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر پوری امت مسلمہ کی یکجہتی اور اتحاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سپیکر نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم اور جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج جو ظلم و ستم فلسطین کے معصوم اور بے گناہ مسلمانوں پر ڈھایا جارہا ہے اس کی عصر حاضر میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور رفح میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں تقریبا 40 ہزار افراد کو قتل کیا گیا جن میں ہزاروں شیر خوار بچے، عورتیں اور بزرگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتیوں کے دلخراش مناظر نا پہلے کسی نے دیکھے ہیں اور نا ہی رہتی دنیا تک اس کی کوئی مثال ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی غزہ اور رفح میں جنگ بندی کے حق میں منظور قراردادوں کے باوجود صیہونی فورسز کی غزہ اور رفع میں جارحیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حیثیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ کشمیر کی وادی میں کشمیری عوام کو بھارتی فورسز کی جانب سے بدترین مظالم کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھ وادی کشمیر کے معصوم بچوں، بھائیوں اور بہنوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی آئین میں حاصل جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کر کے کشمیری عوام کو اپنی شناخت سے محروم کرنا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اللہ تعالی کے حضور دست دعا ہیں کہ فلسطیی اور کشمیری عوام کو ان کی آزادی کا حق ملے تاکہ وہ ایک آزاد، خود مختار اور زندہ قوموں کی طرح ترقی اور خوشحالی کی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعاں کا اہتمام کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دین اسلام کی خاطر دی گئی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے ۔ انہوں نے عید الاضحی کی خوشیوں میں غربا اور مساکین کو برابر کا شریک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عید کے موقع پر فلسطین اور کشمیر کی عوام پر انسانیت سوز مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں صہیونی فورسز کی جانب سے گزشتہ 9 ماہ سے جاری قتل عام دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نیکہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی اور کشمیری عوام کے بنیادی حق، حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ تمام علاقائی و عالمی فورمز پر کشمیر اور فلسطین کی آزادی تک لڑتا رہے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب فلسطین اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیری اور فلسطینی عوام آزادی کے ساتھ اپنی زندگیاں گزاریں گے۔
ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حضرت ابراھیم علیہ السلام جیسا جذبہ ایثار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الضحی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ دین اسلام اور اپنے ملک کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔