ملک افضل کھوکھر

عید کے پر مسرت موقع پر نادار ،مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں ‘ملک افضل کھوکھر

رائے ونڈ ( نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے عیدالاضحی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، قربانی، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالی کی رضاجوئی اور دوسروں کے دکھ درد کو بانٹنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلی مقاصد کے حصول کے لئے نفسانی خواہشات کی قربانی ہے، وطن عزیز معاشی لحاظ سے مشکل حالات سے دوچارہے، لیکن ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے عوام خصوصاً معاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کا اصل فلسفہ ہے۔

ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں