المشاعر ٹرین

سعودی عرب ، میٹرو ٹرین سروس المشاعر ٹرین میں ریکارڈ 2.2ملین عازمین حج نے سفر کیا

ریاض(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب کی میٹرو ٹرین سروس المشاعر ٹرین میں ریکارڈ 2.2ملین عازمین حج نے سفر کیا۔حج اور عمرہ پر آنے والے غیر ملکی زائرین کو بہترین سفری سہولیات، آرام دہ اور محفوظ ذرائع آمدورفت فراہم کرنے کے لیے کے لیے چلائی جانے والی المشاعر ٹرین نے ریکارڈ زائرین کو ان کی منزل مقصود تک پہنچایا۔سعودی ریلویز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال حج سیزن کے دوران 2.2ملین حجاج کرام نے المشاعر ٹرین میں سفر کیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں عرفات، مزدلفہ اور منی کے درمیان میٹرو ٹرین کے 9اسٹیشنز نے عازمین حج کی میزبانی کی، جبکہ دوران حج میٹرو ٹرین کے 2206ٹرپس چلائے گئے۔حج کے پہلے دن 29ہزار حاجیوں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچایا گیا، جبکہ 2لاکھ 92ہزار سے زائد عازمین حج کو منی سے عرفات تک کی سفری سہولت فراہم کی گئی۔

المشاعر ٹرین نے دوران حج عرفات سے مزدلفہ تک 3لاکھ 5ہزار اور مزدلفہ سے منی تک 3لاکھ 83ہزار سے زائد حاجیوں کو مناسک حج کی ادائیگی کے لیے منتقل کیا۔علاوہ ازیں ایام تشریق کے دوران منی 1، منی 2اور مزدلفہ 3سے منی 3کے اسٹیشن تک 1.2ملین حاجیوں نے میٹرو کی سہولت سے فائدہ اٹھایا، جس کی وجہ سے حاجیوں کو جمرات کے پل تک پہنچنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں