اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے چْھپے ہر خونی چہرے سے پاکستانی قوم اچھی طرح واقف ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گاڑی پر بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ حوالدار عقیل احمد شہید، لانس نائیک محمد طفیر شہید، سپاہی انوش رفون شہید، سپاہی محمد اعظم خان شہید اور سپاہی ہارون ولیم شہید کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے اظہارِ تعزیت و یکجہتی کیا اور کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم شہید جوانوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے پیچھے چْھپے ہر خونی چہرے سے پاکستانی قوم اچھی طرح واقف ہے،دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے تک سکھ کی سانس نہیں لیں گے۔