راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات میں شرکت کی اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار، مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ہفتہ کو سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کی گئیں۔
عقیدت مند مسیحی سپاہی ولیم نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانی دی اور گزشتہ روز ضلع کرم میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات و نشریات، چیف آف آرمی سٹاف، اعلی سول و فوجی افسران، فوجیوں، شہریوں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔وزیراعظم نے ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک مربوط یونٹ ہے، جس میں متنوع پس منظر کے افراد شامل ہیں، جو ریاست کے اجتماعی دفاع کے لیے کوشاں ہیں۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے سپاہی ہارون ولیم، سپاہی انوش رفون اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اتحاد اور بہادری قوم کی طاقت کی مثال ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم مادر وطن کی حرمت کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔سپاہی ہارون ولیم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ راولپنڈی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ حوالدار عقیل احمد (اوکاڑہ)، لانس نائیک محمد طفیر (پونچھ)، سپاہی انوش رفون (اٹک)اور سپاہی محمد اعظم خان (ہری پور)کی نماز جنازہ بھی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی۔پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔