ٹی 20ورلڈ کپ

ٹی 20ورلڈ کپ ، سیمی فا ئنل لائن اپ مکمل ہو گئی، دونوں سیمی فائنل 27جون کو کھیلے جائیں گے

جمیکا(نمائندہ خصوصی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ویسٹ انڈیز اور امریکا میں جاری نویں آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ کی سیمی فا ئنل لائن اپ مکمل ہو گئی، عالمی کپ کے دونوں سیمی فائنل 27جون کو کھیلے جائیں گے، جنوبی افریقا ،افغانستان، دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 27جون کو برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا ۔

میچ کا ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 5بج کر 30منٹ پر ہوگا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز ایڈن مارکرم لیڈ کر رہے ہیں اور افغانستان کی ٹیم کی قیادت مایہ ناز آل راﺅنڈر راشد خان کر رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کا 27جون کو ہی دوسرا سیمی فائنل میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پراویڈنس سٹیڈیم، گیانا میں کھیلا جائے گا۔

میچ کا ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7بج کر 30منٹ پر ہوگا۔بھارتی ٹیم کو مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کی کمان مایہ نازوکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کے ہاتھ ہے۔ میگا ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 29جون کو کینسنگٹن اوول، برج ٹاﺅن، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں