ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ، خواتین کرکٹرز کا کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا

کراچی ( نمائندہ خصوصی)آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کا چار روزہ ٹریننگ کیمپ بدھ کے روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔ ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28کرکٹرز کو مدعو کیا ہے ۔کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد دمبولا سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔ کھلاڑی جمعہ کو بھی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ وہ جمعرات اور ہفتے کے روز معین خان کرکٹ اکیڈمی میں دو ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔

دریں اثناپاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔محمد وسیم ہیڈ کوچ ہونگے جبکہ سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمن اور جنید خان بالترتیب اسپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ ہونگے۔آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمنز ایشیا کپ 19سے 28جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21اور 23جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

کیمپ میں شریک کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انوشے ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ ، دعا ماجد، ایمان فاطمہ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ، حمنہ بلال، ارم جاوید، ماہم منظور، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، قر العین، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبی حسن، یسری عامر، ام ہانی اور وحیدہ اخترشامل ہیں جبکہ ویمنز ایشیا کپ کے لیے پلیئر سپورٹ اسٹاف میں حنا منور (منیجر )محمد وسیم ( ہیڈ کوچ )عبدالرحمن (اسپن بولنگ کوچ )جنید خان( اسسٹنٹ کوچ )حنیف ملک (فیلڈنگ کوچ )رابعہ صدیق (فزیو )ولید احمد(انالسٹ) شامل ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں