اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے سماعت کی، عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے عدالتی عملے سے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کی ویڈیو لنک پر پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب آیا کیا؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ جی ابھی تک جیل حکام کا جواب نہیں آیا۔
وکیل نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کو ویڈیو لنک پر پیشی کا حکم دے رکھا تھا، جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ ہم جیل حکام کے جواب کا انتظار کرلیتے ہیں۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتہ کے لیے رکھ لی جائے، جج نے بتایا کہ عدت کیس کا فیصلہ 8 جولائی تک کرنا ہے، اس کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔