لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے رواں برس مون سون سیزن میں 35 فیصد زائد بارشوں کے خدشے کے پیش نظر صوبہ بھر میں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم د یتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور مون سون تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ڈی جی پی ڈی ایم اے و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری اریگیشن، چیف میٹرولوجسٹ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلی کو مون سون تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کو تمام بیراج لنک کینال، مین کینال، ڈریننگ سسٹم اور بند وغیرہ کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ آئندہ 3 ماہ کے دوران پاکستان میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔ مریم نواز نے پنجاب بھر میں ڈرین سسٹم کی بھرپور صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلا کے پلان سے آگاہ کرنے اور متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ رودکوہی کے ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی منصوبہ بندی کی جائے، انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں کو بھی بروقت نکالا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے، پاکستان میں کیوں پتہ نہیں چلتا، بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کا اہتمام کیا جائے، جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہو بروقت پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی بروقت اور مستند اطلاعات کی ترسیل یقینی بنائی جائے، ہر سیلابی بند سے تجاوزات ہٹائی جائیں، مانیٹرنگ تسلسل سے جاری رہنی چاہیے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، انہوں نے ویدر پورٹل، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن اور فلڈ سمولیشن ماڈل کا مشاہدہ کیا۔