کمل ہاسن

اس وقت حکومت مخالف فلمیں بنانے میں خطرہ ہے، کمل ہاسن

ممبئی (نمائندہ خصوصی) بھارت کے معروف اداکار کمل ہاسن نے موجودہ بھارتی حکومت کی قدامت پسند سوچ کی قلعی کھولتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارت میں ایسی فلمیں بنانے میں خطرہ ہے جن میں حکومت سے سوالات کیے گئے ہوں۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمل نے کہا کہ کسی بھی ملک کا ہر فنکار اس ملک کا شہری بھی ہوتا ہے جسے اختیار ہے کہ وہ اشرافیہ سے سوال کرے۔

جب کمل ہاسن سے سوال کیا گیا کہ کیا آج کل ایسی فلمیں بنانے میں مشکل ہے جن میں حکومت سے سوال کیا گیا ہو؟ تو اس کے جواب میں نامور اداکار کا کہنا تھا کہ یہ مسائل تو برطانوی راج سے موجود ہیں۔ کمل ہاسن نے کہا کہ لوگ اس وقت بھی فلمیں بناتے تھے۔ اس بات سے قطع نظر کہ اسٹیبلشمنٹ کی اعلی سطح پر کون ہے، ہم اس طرح کی فلمیں بنانا جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے سوالات پوچھنا صرف ایک فلم ساز کا ہی نہیں بلکہ ایک شہری کا بھی حق ہے۔ کمل ہاسن کا کہنا تھا کہ ہم فنکار یہ سمجھتے ہیں کہ ہم عوام کے ہی نمائندے ہیں، لہذا ہم نتیجہ سے بے خوف و خطر بےباک انداز میں بات کرتے ہیں۔ البتہ ایسی فلمیں بنانے میں خطرہ تو ہے کہ حکومت ناراض ہوسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں