نیویارک (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اقوام عالم کےلئے مثال ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات امریکی شہر نیویارک میں چینی ہم منصب کیو آئی یانجن سے ملاقات میں کہی ۔ملاقات میں دونوں رہنماﺅ ں نے پاک چین تعلقات اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون سے متعلق امور اور ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو داسو واقعے پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔چینی وزیر داخلہ کیو آئی یانجن نے داسو واقعے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہا ر کیا اور کہا کہ پاکستانی اداروں نے محنت اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کو ٹریس کیا۔انہوں نے اسلام آباد میں غیر ملکیوں خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے لئے ایس پی یو کے قیام کے اقدام کو سراہا ۔چینی وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و استعدادکار بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گا۔ کیوآئی یانجن نے ایس پی یو کی ٹریننگ اور دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان چین ہر موسم کے دوست ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔
کیوآئی یانجن نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ستمبر میں چائنا میں ہونے والی گلوبل سیکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے گلوبل سیکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت قبول کی اور کیوآئی یانجن کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد وزیرداخلہ نے بھی پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔کیوآئی یانجن نے کہا کہ پیپلز ری پبلک آف چائنا کی وزارت داخلہ کا ایڈوائزی گروپ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ چین سے دوستی پر ہم سب کو فخر ہے، پاک چین دوستی اقوام عالم کے لیے مثال ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔