ایرانی صدارتی انتخابات

ایرانی صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں سعید جلیلی کو برتری حاصل

تہران(نمائندہ خصوصی)ایران میں وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں اب سعید جلیلی کو برتری حاصل ہے۔ ان کے بعد مسعود پزیشکیان دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل ایک کروڑ ووٹوں کی گنتی کے بعد اصلاح پسند امیدوار مسعود پزیشکیان 43 فیصد ووٹوں کے ساتھ سرفہرست تھے جب کہ قدامت پسند سعید جلیلی 36 فیصد کے حامل بتائے گئے تھے۔ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ صدارتی انتخابات میں ووٹروں کی شرکت کا تناسب تقریبا 40 فیصد تک ہو سکتا ہے۔ تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے کہ 6.1 کروڑ رجسٹرڈ ووٹروں میں سے کتنے فی صد نے ووٹ ڈالا۔جمعے کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹنگ ختم ہونے کا وقت شام چھ بجے تھا تاہم اس کو مجموعی طور پر چھ گھنٹے مزید بڑھا دیا گیا۔ہنگامی طور پر قبل از وقت ہونے والے یہ انتخابات ملک کا نیا صدر چننے کے لیے منعقد کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سابق صدر ابراہیم رئیسی گذشتہ ماہ 19 مئی کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

صدارتی انتخابات کو بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مشرق وسطی میں وزن دار قوت کی حیثیت رکھنے والا ایران بہت سے جیو پولیٹیکل بحرانوں کے بیچ ہے۔ ان میں غزہ کی جنگ سے لے کر جوہری طاقت کا مسئلہ شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں